لاہور ( نیوز رپورٹر)پنجاب حکومت نے بار ایسوسی ایشنز کے لئے 22 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے اجلاس میں دی گئی۔ صوبائی وزیر قانون خرم شہزاد ورک، سیکرٹری قانون اختر جاوید اور سیکرٹری زراعت نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر جاری کی جانے والی گرانٹ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، ڈسٹرکٹ اور تحصیل بارز میں تقسیم کی جائے گی۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کے جاری کردہ فنڈ سے وکلا برادری کے لئے ضروری سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔ اس گرانٹ سے بار ایسوسی ایشنز کی لائبریریوں کیلئے کتابوں اور دیگر ضروری سامان کی خریداری کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کمیونٹی کی بہتری کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں محکمہ زراعت کے پلانٹ وائز پروگرام کے ایم او یو کی بھی منظوری دی گئی۔ راجہ بشارت نے کہا کہ اس ایم او یو پر دستخط سے محفوظ زرعی پیداوار اور ادویات پروگرام میں استحکام آئیگا۔
بار ایسوسی ایشنز کیلئے 22 کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری
Dec 23, 2022