اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) سی ٹی ڈی کمپلیکس بنوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے سپاہی حلیم خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 29 سالہ سپاہی حلیم خان ہجیرہ ضلع پونچھ کا رہائشی تھا۔ شہید دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے تھے اور سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیرعلاج تھے۔ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ وہ تین بچوں کا باپ تھے۔ دوسری طرف بنوں میں سی ٹی ڈی کمپائونڈ پر دہشت گردوں کے حملے کے دوران شہید ہونے والے صوبیدار میجر خورشید اکرم کو جمعرات کے روز نمازہ جنازہ کی ادائیگی کے بعد پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقے بکہ جبی میں سپردخاک کردیا گیا۔ شہید کو ایف ایف سنٹر ایبٹ آباد کے گارڈز نے سلامی پیش کی۔ نماز جنازہ میں فوجی افسران، سیاسی وسماجی شخصیات اور بلدیاتی نمائندوں سمیت ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔ شہید کی عمر48 سال تھی اور انہوں نے 29سال پاک فوج میں خدمات سرانجام دیں۔ شہید نے پسماندگان میں بیوہ، ایک بیٹا اور چار بیٹیاں چھوڑیں۔