بھارت دہشتگردی ترک،بات چیت کیلئے موزوں ماحول  پیدا کرے:پاکستان


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ این این آئی) بھارت دہشتگردی ترک اور بات چیت کیلئے موزوں ماحول پیدا کرے۔ بھارت میں انتہا پسندی عروج پر ہے جس پر پاکستان کو تشویش ہے۔ نئی دہلی پاکستان سمیت پورے خطے میں دہشتگردوں کی پشت پناہی اور مالی معاونت کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ  ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی پر پاکستان نے ڈوزیئر تیار کیا، پاک بھارت تمام تنازعات بات چیت سے حل ہونے چاہیئں۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ نے دہشت گردی سے متعلق جامع بیان دیا ہے، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا، بھارت ایک عرصے سے کشمیریوں کو مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنارہا ہے، سید علی گیلانی کی تدفین میں بھارتی فورسز نے مشکلات پیدا کی تھیں، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہاکہ دورے پر موجود وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی تھنک ٹینک سے بھی ملاقات کی، جی77سمٹ میں بلاول بھٹو نے ترقی پذیر ممالک کے مسائل پر بات کی، وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق دنیا کو آگاہ کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خا رجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی گرفتاری کی خبر جھوٹ اور حقائق کے منافی ہے، ترجمان نے بتایا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ میں 16 ممالک کے دورے کیے جن میں وزیر خارجہ نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، سوئٹرزرلینڈ، ترکی، ازبکستان،  امریکا،  جرمنی، مصر،  انڈونیشیا،  سنگاپور  اور کمبوڈیا کا بھی دورہ کیا۔ افغانستان سے متعلق سوال پر  ترجمان  نے کہا کہ افغانستان میں خواتین کی تعلیم پر پابندی ناقابل قبول ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت ایک عرصے سے کشمیریوں کو مسلسل ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہا ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیے بغیر جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

ای پیپر دی نیشن