دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پر عزم،وزیراعظم،آرمی چیف کیساتھ زخمی اہلکاروں کی عیادت


راولپنڈی اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم نے بنوں آپریشن میں زخمی جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بنوں سی ٹی ڈی کمپلیکس آپریشن میں زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کی عیادت کی۔ وزیراعظم نے افسروں اور جوانوں کی جرات اور بہادری کو سراہا۔ وزیراعظم نے کہا شہداءاور ان کے اہلخانہ نے عوام کی سکیورٹی کیلئے عظیم ترین قربانی دی۔ ہم ہر طرح کی دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دہشتگردوں، ان کے حامیوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑیں گے۔ پرامن اور مستحکم ماحول کے قیام کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ کسی کو بھی مشکل سے حاصل کیا گیا امن خراب نہیں کرنے دیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے شمسی توانائی کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر توانائی انجنیئر خرم دستگیر، مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیراعظم کے معاونین خصوصی محمد جہانزیب خان، طارق باجوہ اور اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی صاف اور سستی بجلی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بہتری اور ایندھن کی مد میں درآمدی بل میں کمی کے لئے شمسی توانائی کا فروغ نا گزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی سطح پر بھی شمسی توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے حوالے سے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی اس مہینے کے اختتام تک شمسی توانائی کے بڑے پراجیکٹس کے ٹیرف کا تعین کر لے گی جس کے بعد متبادل توانائی کی ترقی کے بورڈ کی جانب سے سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی جائیں گی۔ 1200 میگا واٹ کا منصوبہ لیہ میں جبکہ 600 میگا واٹ کے منصوبے مظفر گڑھ اور تریموں میں لگائے جائیں گے۔ ماہر کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی اس سلسلہ میں ابتدا اسلام آباد کی حدود میں وفاقی حکومت کی عمارات سے کی جائے اور بعد ازاں پورے ملک میں موجود سرکاری عمارات کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گرمی کا موسم شروع ہونے سے پہلے سرکاری عمارات کی شمسی توانائی پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ مصیبت میں گھرے سیلاب متاثرین کا مشکل وقت میں سہارا بننے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔ یہ بات وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں بتائی گئی۔
وزیراعظم 

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...