کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی شمالی محمد یوسف نے صدر ایکشن کمیٹی ضلع شمالی سید رضوان شاہ کے ہمراہ ایڈمینسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اورضلع شمالی میںنیو کراچی و منگھوپیر ٹاؤن کی سڑکوں کی خستہ حالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔محمد یوسف نے بتایا کہ نیو کراچی و منگھوپیر روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ،روزانہ اسکولز اورکام پر جانے والے شہری شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں،ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کراچی کا کوئی والی وارث نہیں ہے ،سڑکوں کی خستہ حالی اور سڑکوں پر موجود گندے پانی کی موجودگی کی وجہ سے پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی اذیت کا سامنا ہے ،آبادیوں میں نمازیوں کے لیے کوئی ایسا راستہ نہیں جس سے باآسانی مسجد تک پیدل جاسکے۔ایڈمینسٹریٹر کراچی سیف الرحمن نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور متاثرہ علاقوں کا جلد دورہ کرنے اور مسائل حل کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی سے ملاقات ٗ نیو کراچی ومنگھوپیر روڈ کی خستہ حالی کی شکایت
Dec 23, 2022