کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ جمعیت روشن مستقبل کی نوید ہے،جس نے طلبہ کے اندردینی وتعلیمی شعوربڑھایا اوران کوتعلیم وتربیت کے ذریعے اصل مقصدزندگی سے آگاہ،آگے بڑھنے اورجینے کا طریقہ سکھایا ہے،یہی وجہ ہے کہ آج ملک کے طول و عرض میں جمعیت کے تربیت یافتہ افراد تعلیمی اداروں سے لیکر تجارت،میڈیا،پاک فوج اورپارلیمنٹ تک میں ملک وقوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔اسلامی جمعیت طلبہ کے76ویں یوم تاسیس پرجاری اپنے پیغام میں محمدحسین محنتی کامزیدکہنا تھاکہ جمعیت ملک کی سب سے بڑی ومنظم طلبہ تنظیم ہے جکہ پاکستان بننے کے فوری بعد 23دسمبر1947کوقائم ہوئی اوراب اس کا 76واں یوم تاسیس منایا جارہا ہے۔جمعیت نے تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول،غیرنصابی سرگرمیوں کے ذریعے طلباء میں تقریری وتحری صلاحیتوں کی نشونما اورملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے۔جمعیت ایک انقلابی طلبہ تنظیم ہے جس نے پورے ملک میں باطل قوتوں کا مقابلہ کیا ہے سوشل ازم،کمیونزم ،اشتراکیت،سرمایہ داری جاگیرداری وڈیرا شاہی کاڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اس نے کوشش کی کہ ملک میں اسلامی نظام اوراسلامی تعلیمی نظام قائم اورملک کی تعمیروترقی ہو۔وطن عزیز آج معاشی سیاسی و اخلاقی طور جن حالات سے دوچار ہے آج ضرورت اس بات کی ہے جمعیت کے نوجوان آگے بڑھیں اورملک کو صحیح سمت پرچلانے و اسلامی خوشحال پاکستان کے لیے اپناکردار ادا کریں۔
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی کا جمعیت کے یوم تاسیس پرپیغام
Dec 23, 2022