نواب شاہ ( نامہ نگار/بیورو رپورٹ)پاکستان کے پہلے کیڈٹ کالج، ’’بختاور کیڈٹ کالج فار گرلز شہید بینظیرآباد‘‘ کے بورڈ آف گورنرزکے ممبران کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن عبدالعلیم لاشاری نے بختاور کیڈٹ کالج کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کالج نے بہت قلیل عر صہ میں ترقی کے مدارج طے کئے ہیں اور یہ کالج معاشرے کی تشکیل میں بہت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج بختاور کیڈٹ کالج کی دوسری پاسنگ آؤٹ پریڈاور یوم والدین کے سلسلے میں منعقدہ فل ڈریس ریہرسل کے موقع پر کیڈٹس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ یہ کالج پاکستان کا پہلا گرلز کیڈٹ کالج ہے جو طالبات کو بہترین تعلیم کے ساتھ ملکی دفاع کے لیے دیگر چیلنجزسے نمٹنے کیلئے بھر پور تربیت فراہم کر رہاہے۔پرنسپل ڈاکٹر فریدہ شیخ نے اپنے خطاب میں بتایاکہ اس کالج کی باگ ڈور میں سندھ حکومت اور پاکستان ائیر فورس کا مشترکہ تعاون حاصل ہے اورکالج میں اس وقت 300 سے زائد کیڈٹس زیرتعلیم ہیں بختاور کیڈٹ کالج کی کیڈٹس نے بورڈ کے امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی اور بین الاقوامی سطح پرنصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف کالج بلکہ صوبہ بھر کا نام روشن کیا ہے۔کالج کی انتظامیہ اور تدریسی عملے کی انتھک محنت اور لگن قابل تعریف ہے۔۔اس موقع پر کیڈٹس کی جانب سے معزز مہمانوں کو سلامی پیش کی گئی۔جمناسٹک اور پی ٹی شو کے ساتھ تاریخ میں پہلی بارلڑکیوں کا پہلا عسکری دستہ ''خولہ اسکواڈ ''جسے حضرت خولہ رض کی ہمت اور بہادر ی کو خراج ِ عقیدت پیش کرتے ہو ئے خصوصی ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا۔کمشنر شہید بینظیرآباد نے نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والی کیڈٹس اور کالج عملے کو تعریفی اسناد پیش کیں جبکہ کیڈٹ کالج کی پرنسپل ڈاکٹر فریدہ شیخ نے کمشنر کو یادگار شیلڈ پیش کی۔#
کالج نے بہت قلیل عر صہ میں ترقی کے مدارج طے کئے ،دوسری پاسنگ آؤٹ پریڈ سے عبدالعلیم لاشاری، ڈاکٹر فریدہ شیخ و دیگر کا خطاب
Dec 23, 2022