لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا میں دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل دو روزہ پریکٹس میچ کے دوران 78.4اوورز میں 323رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ۔ سعود شکیل 70‘محمد رضوان 50رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ۔عبد اللہ شفیق26‘ امام الحق37‘صائم ایوب30‘آغا سلمان 51‘سرفراز احمد35‘عامر جمال صفر‘شاہین شاہ آفریدی 12رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ محمد وسیم 4رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ ڈاج ویرن نے تین ‘میتھیو فوٹیا نے دو ‘سیم ایلیٹ ‘ٹی آر پیرسن اور ول پارکرنے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں پہلے دن وکٹوریہ الیون نے 11اوورز میں ایک وکٹ پر 47رنز بنالئے ۔ ول پکووسکی 4رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ مارکوس ہیرس 18اور بلیک تھامسن 25رنز پر موجود ہیں ۔ واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کی ۔ آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان ٹیم کی پلیئنگ الیون میں تبدیلیوں کا امکان ہے۔ منگل 26دسمبرسے میلبورن میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو ڈراپ کر کے محمد رضوان کو کھلائے جانے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم میں دوسری تبدیلی ان فٹ خرم شہزاد کی جگہ حسن علی اور میر حمزہ میں مقابلہ ہے جبکہ فہیم اشرف کو ڈراپ کر کے آف بریک بائولر ساجد خان کو بھی کھلایا جا سکتا ہے۔ میلبورن ٹیسٹ میں فاسٹ بائولر وسیم جونیئر کی شرکت کا کوئی امکان نہیں اور پاکستان کی اننگز کا آغاز بدستور امام الحق اور عبداللہ شفیق ہی کریں گے۔
پاکستان ٹیم وکٹوریا الیون کیخلاف 323رنز پر آئوٹ، میلبورن ٹیسٹ میں تبدیلیوں کا امکان
Dec 23, 2023