امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں: الیکشن کمشن

Dec 23, 2023

اسلام آباد (این این آئی) الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ انتخابات 2024ء کے امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں بڑے بڑے اشتہاری ہورڈنگز لگائے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق تمام امیدواران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان ہورڈنگز کو کل اتوار تک ہٹا دیں، ہورڈنگز نہ ہٹائے گئے تو مانیٹرنگ ٹیمیں ان کو ہٹا دیں گی۔ متعلقہ امیدواران کے خلاف ضابطہ اخلاق کے مطابق کارروائی بھی ہو گی۔ دوسری جانب الیکشن کمشن نے عام انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں اور مانیٹرنگ ٹیموں کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ الیکشن کمشن کے ترجمان نے کہا کہ ان ٹیموں کا کام الیکشن میں ضابطہ اخلاق اور الیکشن قوانین کی مانیٹرنگ کرنا ہے۔ ترجمان الیکشن کمشن نے کہا کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈویژنل سطح پر ریجنل مانیٹرنگ کوآرڈینیٹر بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

مزیدخبریں