لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے گڑھی شاہو کے علاقے میں عبداللہ کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 5 لاکھ روپے مالیت، سبزہ زار کے علاقے میں فرقان کے گھر سے 4 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون ودیگر سامان، چوہنگ کے علاقے میں رضوان اور اس کی فیملی سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت، نشتر کالونی کے علاقے میں حمزہ اور اس کی فیملی سے 2لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں عادل سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، راوی روڈ کے علاقے میں مناظر کی دکان سے ڈیڑھ لاکھ روپے اور موبائل فون، بادامی باغ میں مقصود سے ایک لاکھ روپے اور موبائل فون، گلبرگ میں نادر سے ایک لاکھ روپے، لیاقت آباد میں عابد سے 50 ہزار روپے اور موبائل فون، نولکھا میں وحید سے 20 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔ چوروں نے جوہر ٹاون اور ڈیفنس کے علاقوں میں سے دو کاریں، موہلنوال کے علاقے سے رکشہ جبکہ مصری شاہ، مصطفی آباد، ہنجروال، شاہدرہ ٹائون، شیرا کوٹ اور کوٹ لکھپت کے علاقوں سے 6 موٹرسائیکلیں چوری کرلی ہیں۔