فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) واسا کے زیرانتظام ترقیاتی سکیموں میں غیر معیاری اور ناقص تعمیراتی میٹریل کی نشاندہی نہ کرنے پر سب انجینئر کو معطل کر دیا گیا جبکہ دیگر افسران کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی جس کی رپورٹ 2 ماہ میں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شمس آباد سب ڈویژن کی مختلف یونین کونسلوں میں ترقیاتی سکیموں پر کنٹریکٹر فرم ایلکون ایسوسی ایٹ انجینئرنگ نے تعمیراتی کام کیا جس میں غیر معیاری اور ناقص تعمیراتی میٹریل استعمال کیا گیا تھا لیکن او اینڈ ایم ویسٹ کے متعلقہ افسران نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا۔ ذمہ داریوں میں غفلت، غبن اور مس کنڈکٹ کا مرتکب ہونے پر سب انجینئر او اینڈ ایم ویسٹ حسن نواز کو معطل کر دیاگیا جبکہ معاملہ کی انکوائری کے لئے ڈائریکٹر آئی اینڈ سی عمر افتخار کو انکوائری آفیسر نامزد کیا گیا ہے جومعاملہ کی انکوائری کریں گے اور 60 دن کے اندر اپنی رپورٹ بمعہ سفارشات مینجنگ ڈائریکٹر واسا کو پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے نادہندہ اور غیر قانونی ہائوسنگ کالونیوں میں سیوریج و واٹر سپلائی کنکشنز منقطع کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع میں ایسی کوئی بھی ہائوسنگ کالونی جو ایف ڈی اے سے منظور شدہ نہ ہو یا اس کے ذمہ واسا کے واجبات بقایا ہوں وہ ایک ہفتے کے اندر اندر اپنے کنکشن از خود ختم کر لیں بصورت دیگر ان کو بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ متعدد شکایات سامنے آئی تھیں کہ ایسی ہائوسنگ کالونیاں قائم ہیں جو ایف ڈی اے سے منظور شدہ نہیں ہیں یا واسا کے واجبات کی نادہندہ ہیں اور اپنے واجبات جمع نہیں کرا رہی ہیں جس کا نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واسا فیصل آباد‘ ترقیاتی سکیموں میں غیر معیاری میٹریل کا استعمال‘ سب انجینئر حسن نواز معطل
Dec 23, 2023