اسلام آباد (وقائع نگار) عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے پشاور اور اسلام آباد سے 2 خواجہ سراؤں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ قومی اسمبلی کی نشست این اے 47 سے خواجہ سرا نایاب علی نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے جب کہ خیبر پی کے سے صوبائی اسمبلی کی نشست کے پی 18 کیلئے خواجہ سرا صوبیہ خان نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 2018 میں صرف ایک خواجہ سرا نے الیکشن میں حصہ لیا تھا تاہم 8 فروری 2024 کو ہونے والے الیکشن میں اس بار اب تک 2 خواجہ سرا حصہ لینے کی خواہش مند ہیں۔ بیچلر کی ڈگری رکھنے والی صوبیہ خان آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا اگر وہ جیت جاتی ہیں تو اپنی کمیونٹی کی خواتین اور بچوں کے حق کیلئے کام کریں گی۔ دوسری جانب این اے 47 اسلام آباد سے امیدوار خواجہ سرا نایاب علی نے کہا کہ اسلام آباد کے 11 لاکھ ووٹرز میں سے 5 لاکھ خواتین ہیں، میں خواتین اورکچی آبادیوں کے حقوق کیلئے کام کروں گی۔