لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے حماد اظہر کیخلاف کیسوں کی تفصیلات اور ہراساں نہ کرنے کی درخواست غیر موثر قرار دے کر نمٹا دی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب غلام سرور نے رپورٹ میں موقف اپنایا کہ حماد اظہر کیخلاف 13مختلف مقدمات ہیں۔ حماد اظہر کیخلاف ایف ائی اے میں کوئی مقدمہ نہیں۔ جسٹس شہرام سرور چوہدری نے جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کیخلاف درج کیسوں کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر پولیس، نیب، انٹی کرپشن سمیت فریقین سے 26 دسمبر کو تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، پولیس نے درخواست گزار شازمہ چیمہ کیخلاف کیسوں کی رپورٹ پیش کردی۔ جسٹس علی باقر نجفی نے حسان نیازی کا عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لیے درخواست پر سماعت ملتوی کر دی۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل جاوید قصوری نے موقف اپنایا کہ ملٹری کمانڈنگ افسر ہی کاغذات نامزدگی دستخط کرنے کی اجازت دے سکتے ہیں، مناسب ہے درخواست گزار ملٹری کمانڈنگ افسر سے رجوع کریں، قانون کے تحت درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو آگاہ کریں کہ کب درخواست گزار ملٹری کمانڈنگ افسر کے پاس جائے؟۔ اگر کسی امیدوار کا ملٹری کورٹ میں ٹرائل چل رہا ہے تو قانون کیا کہتا ہے؟۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ فوجی عدالت ٹرائل کیس کے ملزم کو وفاقی حکومت ہی الیکشن لڑنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ جسٹس علی باقر نجفی نے سابق ایم این اے عالیہ حمزہ ملک کو الیکشن کاغذات نامزدگی پر دستخط نہ کرنے کی اجازت کے خلاف درخواست سپرنٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کو بھجوا دی، جیل سپرنٹنڈنٹ فوری کاغذات نامزدگی پر عالیہ حمزہ کے دستخط کرائیں۔ جسٹس علی باقر نجفی نے عمیر خان نیازی کے کاغذات نامزدگی چھیننے کیخلاف درخواست نمٹا دی۔ عدالت نے درخواست گزار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن امیدواروں کو ہراساں کرنے کا نوٹس لے، الیکشن کمیشن کو ایسی صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے، اگر کاغذات نامزدگی چھینے گئے ہیں تو بہت غلط ہے، الیکشن میں حصہ لینے کا سب کو حق ہے، مناسب ہے آپ ای سی پی کو شکایت کریں، ڈی پی او میانوالی پولیس کو غیر قانونی ہراساں کرنے سے روکیں۔ ڈی پی او میانوالی نے رپورٹ میں کہا کہ کاغذات نامزدگی چھیننے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا۔ جسٹس علی باقر نجفی نے فیصل آباد سے پی ٹی آئی کے امیدوار صاحبزادہ حامد رضا کی درخواست پر وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت سے مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات 26 دسمبر کو مانگ لیں۔ منڈی بہائوالدین سے پی ٹی آئی کے امیدوار طارق محمود کی ہراسانی کی درخواست پر 26دسمبر کو حکومت سے مقدمات اور انکوائریوں کی تفصیلات طلب کر لیں۔ سرگودھا سے پی ٹی آئی کے امیدوار کو کاغذات نامزدگی نہ دینے کیخلاف درخواست گزار کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر یا الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔