لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) چین کی طرف سے نوائے وقت گروپ کے انگریزی اخبار "دی نیشن" کو پاکستان چین دوستی کے فروغ، سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے متعلق بہترین رپورٹنگ کے اعتراف میں فرینڈ شپ ایوارڈ 2023 سے نوازا گیا۔ نوائے وقت گروپ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے نوائے وقت گروپ کی ایم ڈی رمیزہ مجید نظامی کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ایوارڈ قونصل جنرل مسٹر ژائو شیرین سے وصول کیا۔ ایوارڈ تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر ایس ایم تنویر، سیکرٹری داخلہ شکیل، صدر لاہور چیمبر آف کامرس کاشف انور سمیت مختلف اداروں اور شخصیات کو بھی ایوارڈز دئیے گئے۔ قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کے خصوصی نمائندے اور چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ کے جولائی میں اسلام آباد کے دورے اور اکتوبر میں وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کے کامیاب دورہ چین کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین MOUs اور طے پانے والے معاہدوں سے دو طرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی اور CPEC کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔ چین اور پاکستان کے تعلقات مضبوط ہیں، سورج کی روشنی میں چمکتے ہیں اور یہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہوتے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ لاہور میں چینی قونصلیٹ جنرل نے صوبے کے اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ہم نے متعلقہ چینی علاقوں، صوبوں اور پنجاب کے درمیان باہمی اعتماد، کاروباری تعاون، ثقافتی، تعلیمی اور عوام کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کے لیے یکساں کوششیں کی ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کی 72 ویں سالگرہ کی مشترکہ تقریب بہت کامیاب رہی۔ ہم نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 74 ویں سالگرہ کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔ پنجاب حکومت کی درخواست پر دونوں اطراف کے ماحولیاتی ماہرین کے لئے ایک آن لائن سیشن کا اہتمام کرنے میں مدد کی تاکہ سموگ سے لڑنے کے بارے میں مہارت کا تبادلہ کیا جا سکے۔ اپٹما کو مزید تعاون کے لیے آل چائنا کاٹن ایسوسی ایشن کے ساتھ منسلک کرنے میں مدد کی۔ چین کے قومی دن پر مقامی اداروں کے ساتھ خصوصی دوستی کرکٹ میچ اور پینٹنگ مقابلے کی مشترکہ میزبانی کی۔ اس سال ہم نے پنجاب سے تین وفود کو چین کے مختلف شہروں کا دورہ کرنے کے لیے منظم سہولیات فراہم کیں، جس کے نتیجہ خیز نتائج برآمد ہوئے۔ مال روڈ پر بزنس سہولت سنٹر اور سپیشل انیشی ایٹو ماڈل پولیس سٹیشن اور سروس سنٹر کی تعمیر اور اپ گریڈیشن اس بات کی واضح مثالیں ہیں کہ ہم ایک دوسرے سے سیکھ کر کس حد تک آگے بڑھ سکتے ہیں۔ سفارتخانے نے زراعت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے حوالے سے تعاون کے حصول کے لیے دو چینی وفود کو لاہور آنے میں مدد کی۔ ہم نے میڈیا ہائوسز اور تھنک ٹینکس کو مزید مشغول کیا اور پنجاب میں CPEC منصوبوں کے لیے ایک خصوصی میڈیا ٹور کا اہتمام کیا، جس میں CPEC کی دس سالہ ترقی کو اجاگر کیا گیا۔ قونصل خانے نے مقامی شراکت داروں کے ساتھ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور CPEC کی اعلیٰ معیار کی ترقی کے موضوع پر ایک سیمینار اور گول میز کانفرنس کے انعقاد میں بھی کام کیا۔ پہلی بار پنجاب میں 13 چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو ویزا کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کی، بشمول پنجاب بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ۔ یہ 18 دسمبر سے نافذ العمل ہے۔ ہم نے اوکاڑہ اور شیخوپورہ اضلاع میں سی سی جی سکالرشپ پروگراموں کو جاری رکھا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی معاونت اور TEVTA پنجاب کے ساتھ شراکت داری سے قونصلیٹ نے بہاولپور میں کمپیوٹر لیب کے قیام کو سپورٹ کیا۔ ہم نے مقامی تدریسی ہسپتال سے 2 ڈاکٹروں کو پیشہ ورانہ تربیت کے لیے تیانجن روانہ کیا اور جناح ہسپتال اور گلاب دیوی ہسپتال کو بالترتیب ڈائیلاسز مشینیں اور آئی سی یو بیڈ فراہم کیے، جس سے صوبے میں تعلیمی اور طبی خدمات کو بااختیار بنانے میں مدد ملی۔ ہم نے سکیورٹی سے متعلق آگاہی مہم کو تیز کیا اور چینی کمیونٹی کو زیادہ فعال قونصلر سروس فراہم کی، ان سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے SOP پر سختی سے عمل کریں۔ اس موقع پر کرنل (ریٹائرڈ) سید احمد ندیم قادری نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم دی نیشن، نوائے وقت میڈیا گروپ اور ایم ڈی محترمہ رمیزہ مجید نظامی کی طرف سے چینی قونصل جنرل ژائو شیریں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے "دی نیشن" کو یہ باوقار فرینڈ شپ ایوارڈ دیا۔ پاکستان کا سب سے پرانا میڈیا گروپ نوائے وقت اپنے الیکٹرک اور پرنٹ میڈیا میں ’’نوائے چین‘‘ کے نام سے پروگرام اور اشاعت کرتا رہا ہے۔ گذشتہ پانچ سال سے میں اور میرے ساتھی خاور عباس سندھو CPEC اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو پر باقاعدگی سے لکھ رہے ہیں۔ سابق چینی سفیر محترم نونگ رونگ نے نوائے وقت اور دی نیشن کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ہمارا میڈیا گروپ پاکستان چین دوستی کا وارث ہے۔ یقیناً ہماری دوستی کی جڑیں بہت گہری ہیں۔ چین اور اس جغرافیائی وجود کے درمیان اس دوستی کی کہانی، جو اب پاکستان کہلاتا ہے 2000 سال پرانی ہے جب شاہراہ ریشم نے چینی اور وادی سندھ کی تہذیب کو جوڑ دیا تھا۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ ہماری پیپلز ٹو پیپلز دوستی مضبوط اور پروان چڑھ رہی ہے۔ ہم ہر دور میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنا ہمارے ادارے کے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اپنے ادارے کے نمائندے کے طور پر میں اپنے چینی دوستوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم پاک چین دوستی کے محافظ ہیں اور ہم اس کی حفاظت کا عہد کرتے ہیں۔