راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ مشعال حسین ملک نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کاکلیدی کردار ہے ، مسیحی برادری ہر شعبہ زندگی میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے ، پاکستان میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں ،بھارت میں اقلیتوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں جس کا عالمی برادری کو نوٹس لینا ہوگا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی میں مسیحی روحانی پیشوا آرچ بشپ راولپنڈی اسلام آباد ڈاکٹر جوزف ارشد کی جانب سے کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ گیٹ ٹو گیدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب میں سٹیشن کمانڈر راولپنڈی بریگیڈیئر احمد نواز ، مسلم لیگی راہنماء چوہدری تنویر ، بیرسٹر دانیال ، چوہدری اسامہ ، ملک ابرار ، ضیا اللہ شاہ ،رشید خان ،پاکستان پیپلز پارٹی کے سبط الحسن بخاری المعروف سبطی شاہ ،تاجر راہنما شیخ محمد حفیظ ، شعیب سڈل، امن کمیٹی کے رکن بابو ساجد امین کھوکھر ، فریاد فرانسس ،نپولین گومز ، صنوبر گل ، مختلف ممالک کے سفراء ، ہندو ، سکھ ومسیحی راہنما ،علمائے کرام اظہار بخاری ،حافظ اقبال رضوی ، پیر عظمت اللہ ،انتظامی افسران شریک تھے ۔
وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی میں مسیحی برادری کاکلیدی کردار ہے ، مشعال ملک
Dec 23, 2023