لاہور(کامرس رپورٹر )کاشف انور لاہور چیمبر آف کامرس کے پہلے صدر بن گئے ہیں جنہیں لاہور میں چینی قونصل جنرل ژائوشیریںنے ایک پروقار تقریب میں خصوصی ایوارڈ سے نوازاہے۔چینی قونصلیٹ جنرل فرینڈ شپ ایوارڈ لاہور چیمبر کے صدر کی صنعت وتجارت کیلئے بہترین خدمات اور چینی قونصلیٹ کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے بہترین کوششوں کا اعتراف ہے۔ ایوارڈ کی تقریب کے دوران چینی قونصل جنرل ژائو شیریں نے چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کے حوالے سے مثبت پیش رفت اور کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیااور ان اقدامات پر روشنی ڈالی جو تجارت، تعلیم، صحت ، انٹرپرینیورشپ پروگرام اور دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو فروغ دینے کیلئے اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اہمیت اور پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی۔ ژائو شیریں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے چینی قونصلیٹ جنرل فرینڈ شپ ایوارڈ حاصل کرنے کیلئے منتخب کرنے پر اظہار تشکر کیا۔