ملکہ ترنم نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے، گلوکارہ آج بھی اپنی سُریلی آواز کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بستی ہیں۔نور جہاں نے تقریباً 22 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا جبکہ گلوکارہ نے تقریباً 40 فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔21 ستمبر سن 1926 کو قصور میں پیدا ہونے والی اللہ وسائی نے نورجہاں کے نام سے شہرت پائی، جنہیں ان کی آواز پر ملکہ ترنم کے خطاب سے نوازا گیا۔نورجہاں نے فلم ’پنڈ دی کڑی‘ سے اپنے کرئیر کا آغاز کیا اور اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی بے پناہ شہرت حاصل کی۔ مشہور زمانہ گانوں میں ’مجھ سے پہلی سی محبت‘، ’گائے گی دنیا گیت میرے‘، ’چاندنی راتیں‘ اور دیگر شامل ہیں۔سُروں کی ملکہ نورجہاں نے سن 1965 میں پاک بھارت جنگ کے دوران لہوگرما دینے والے ملی نغمے گائے، جن کی تازگی آج بھی برقرار ہے۔نورجہاں کو شاندار پرفارمنس پر صدارتی ایوارڈ، تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔گلوکارہ 23 دسمبر 2000 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔
سُروں کی ملکہ ’نورجہاں‘ کی 23 ویں برسی
Dec 23, 2023 | 11:35