ایوانکا ٹرمپ اور شوہر کا غزہ کی پٹی کے اطراف یہودی بستی کا دورہ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا نے اسرائیل میں اپنے شوہر جیرڈ کشنر کے ہمراہ اپنی تصاویر شائع کی ہیں۔ تصویروں میں ان مقامات کی تفصیلات دکھائی گئی ہیں جہاں انہوں نے غزہ کی پٹی کے اطراف میں ایک بستی ’’ عزہ کفار‘‘ کا دورہ کیا تھا۔ ایوانکا اور کشنر نے شمالی غزہ کی پٹی میں شجاعیہ کالونی کے قریب ’’کفار عزہ‘‘ بستی کا دورہ کیا تھا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق، نٹیووٹ اور سدیروٹ کے درمیان واقع بستی کے دورے کے دوران جوڑے نے اسرائیلی توپ خانے کی آوازیں سنی۔ وہ غزہ کی پٹی سے ملحقہ علاقوں میں شجاعیہ سے ایک کلومیٹر دور تک پہنچ گئے۔ایوانکا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کہا کہ میں نے متاثرین، خاندانوں اور فوجیوں سے دل دہلا دینے والی کہانیاں سنی ہیں۔ 7 اکتوبر کو ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے اثرات کو دیکھ کر میرا دل اداسی سے بھر گیا ہے۔ ایوانکا ٹرمپ نے کہا آج رات اور ہر رات میں تمام یرغمالیوں کی بحفاظت واپسی اور تمام زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کرتی ہوں۔ایوانکا اور ان کے شوہر کے ساتھ کنیسٹ سپیکر امیر اوہانا بھی تھے۔ انہوں نے حماس کے حملے کے بعد بھی بستی میں باقی رہ جانے والے افراد سے ملاقات کی۔ اسرائیلی براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اطلاع دی کہ ایوانکا اور کشنر میامی سے آنے والی پرواز کے ذریعے تل ابیب پہنچے۔ کارپوریشن نے بتایا کہ اس دورے کی باضابطہ وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن