”علی بابا“ فرار ہو گیا‘ 40 چور راولپنڈی میں اکٹھے ہو گئے: نوازشریف

Feb 23, 2010

سفیر یاؤ جنگ
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + مانیٹرنگ ڈیسک + ایجنسیاں) راولپنڈی میں حلقہ این اے 55 پر انتخابی مہم گذشتہ رات ختم ہو گئی۔ اس حوالے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے کہا کہ میرا ایجنڈا پاکستان اور عوام ہیں‘ زرداری نے وعدوں کی پاسداری نہیں کی‘ ہم نے ہیمشہ عدلیہ کا احترام کیا‘ میں نے کبھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی‘ پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ نیک نیتی سے ہاتھ ملایا تھا‘ ایک شخص نے اپنے مفادات کی خاطر عوامی حکومت ختم کر دی۔ راولپنڈی کے عوام کے ساتھ مل کر ملک کی تقدیر بدل دیں گے‘ علی بابا بھاگ گیا‘ 40 چور پیچھے چھوڑ گیا ہے۔ راولپنڈی غیرت مند لوگوں کا شہر ہے‘ عوام کو کوئی بےوقوف نہیں بنا سکتا‘ ملک کی تقدیر بدل دیں گے۔ جھوٹ‘ فریب اور منافقت کی سیاست کو ختم کرنا ہے‘ بزدلوں سے کسی خیر کی توقع نہیں۔ مجھ پر برا وقت آیا تو شیخ رشید کہیں نظر نہیں آئے۔نوازشریف نے کہا کہ 24 فروری کو میرا امیدوار شکیل اعوان کامیاب ہو گا اور بے وفائی کرنے والے کو شکست فاش ہو گی کیونکہ ”علی بابا“ تو ملک سے فرار ہو گیا مگر 40 چور راولپنڈی میں اکٹھے ہو گئے۔ اس ”علی بابا“ نے 8 سال تک ملک کو لوٹا ہے‘ انہوں نے کہا کہ جتنی مایوسی اس حکومت سے ہوئی اتنی کسی اور سے نہیں ہوئی۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ راولپنڈی کے ساتھ 2 سال سے ناانصافی ہو رہی ہے‘ انتظامیہ نے مجھے خط دیا ہے کہ آپ مار دئیے جائیں گے‘ میں اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر انتخابی مہم لڑ رہا ہوں‘ اللہ میری مدد نہ کرر رہا ہوتا تو آج یہاں نہ ہوتا۔ میرے جلسے میں راولپنڈی کے لوگ ہیں‘ این اے 55 کا رزلٹ مانسہرہ سے بھی برا ہو گا۔ راولپنڈی کی سیاست میں غنڈہ گردی نہیں‘ موت نے میری آنکھوں میں آنکھیں ڈالی ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر منور حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری اور نوازشریف دونوں امریکی خوشنودی کے لئے لڑ رہے ہیں‘ مسلم لیگ (ن) تبدیلی لا سکتی تو اس کے 91 ممبران اسمبلی میں موجود ہیں مگر ایسا نہیں ہوا۔ تحریک انصاف نے اپنے امیدوار اعجاز خان کے حق میں ابابیل ہاوس میں جلسہ کیا۔ تحریک انصاف کا پنڈال پوری طرح سے بھرا ہوا تھا لیکن اس میں زیادہ تر لوگ این اے 55 کے لوگوں کی بجائے مختلف یونین کونسلوں کے لوگوں نے شرکت کی۔ این اے 55 کے ضمنی انتخابات کے لئے گذشتہ روز 12 بجے تک انتخابی مہم چلانے کا وقت تھا‘ وقت ہونے کے باوجود شیخ رشید نے تقریر جاری رکھی جبکہ نوازشریف وقت ختم ہونے کے بعد تقریر ختم کر کے چلے گئے۔ جماعت اسلامی نے اپنا جلسہ وقت پر ختم کر دیا جبکہ تحریک انصاف کا جلسہ وقت ختم ہونے کے باوجود دیر تک جاری رہا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی بڑی تعداد گذشتہ رات شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی۔ شیخ رشید کے جلسے میں 6 ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی جبکہ نوازشریف کے جلسے میں 7 ہزار کے قریب لوگ شریک ہوئے۔
مزیدخبریں