محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے دو روز کے دوران کوئٹہ سمیت ملک کے بیشتر بالائی علاقے سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر بارش ہوئی ، سب سے زیادہ بارش راولاکوٹ میں تیرہ ملی میٹرجبکہ سب سے زیادہ برفباری استور میں دو انچ ریکارڈ کی گئی۔ آج ملک میں کم سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی بارہ ڈگری سینٹی گریڈ رہا اس کے علاوہ کالام میں منفی آٹھ، کوئٹہ اور مالم جبہ میں منفی سات، پاراچنار منفی چھ، اسلام آباد تین، لاہور اور فیصل آباد چار، مظفرآباد پانچ، ملتان سات، کراچی چودہ، پشاور اور گلگت میں دو جبکہ مری میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔