لاہور (خبرنگار+ اپنے نامہ نگار سے) رحمان ملک بے نظیر کے قاتلوں کو بچانا چاہتے ہیں، پرویز مشرف کو انجام تک ضرور پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار بے نظیر کی سابق پولیٹکل سیکرٹری، پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں اور آئینی و قانونی ماہرین نے کیا۔ ناہید خان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی سکیورٹی کے ذمہ دار رحمن ملک خود تھے تو پھر ایک دن کے لئے یہ ذمہ داری ”ناہید خان“ کو کیوں سونپ دی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس وقت آنے والے انتخابات سے خوفزدہ ہے۔ جب عوام کا پہلا سوال یہ ہو گا کہ بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کا کیا کیا۔ تحقیقات کیوں نہیں کرائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان نے کہا کہ رحمن ملک ایک کتاب لکھیں جس کا عنوان ریڈ کارپٹ سے ریڈ وارنٹ ہو۔ انہوں نے جس آمر مطلق کو گارڈ آف آنر دے کر رخصت کیا اب اسی کے ریڈ وارنٹ کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحمان ملک کا بیان مشکوک ہے۔ پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر میجر ذوالفقار گوندل اور جنر ل سیکرٹری پی پی پی پنجاب سمیع اللہ خان نے کہا کہ پرویز مشرف کو انجام تک ضرور پہنچائیں گے۔ یقین ہے کہ پرویز مشرف کو مسلمانوں کے قبرستان میں سپرد خاک ہونا نصیب نہیں ہو گا۔ سکندر مرزا کی طرح وہ بھی یورپ میں عیسائیوں کے کسی قبرستان میں دفن ہو گا۔ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے چیئرمین محمد اظہر صدیق نے کہا کہ مشرف کو لانے کے لئے اس کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بنیادی شرط ہے۔ لاہور بار کے صدر چودھری ذوالفقار علی نے کہا کہ رحمن ملک کا بیان سیاسی نعرہ ہے۔ سینئر وکیل رانا ندیم صابر نے کہا کہ وزیر داخلہ نے ثابت کر دیا کہ ملزموں کو پکڑنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔