کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان میں سینٹ انتخابات پر پیپلزپارٹی 2گروپوں میں تقسیم ہو گئی ہے۔ ایک گروپ کی قیادت سینیٹر حاجی لشکری رئیسانی اور دوسرے کی پارٹی کے صوبائی صدر صادق عمرانی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کے مرکزی رہنماﺅں نے حاجی لشکری رئیسانی گروپ کو سپورٹ کرنے والے ارکان اسمبلی کو متنبہ کیا ہے کہ مرکزی قیادت کے نامزد امیدواروں کو ووٹ نہ دینے پر ان کی نااہلی کے لئے الیکشن کمشن سے رجوع کیا جائے گا۔ دوسری جانب سے ایوان صدر کے ترجمان قیوم سومرو نے گذشتہ روز جمعیت علماءاسلام (ف) کے پارلیمانی لیڈر و سینئر صوبائی وزیر مولانا عبدالواسع کو فون کرکے سینٹ انتخابات میں بلوچستان میں پیپلزپارٹی سے اتحاد نہ ہونے کا شکوہ کیا جس پر مولانا عبدالواسع نے جواب دیا کہ پہلے پیپلزپارٹی میں اتحاد قائم کیا جائے پھر ہم سے بات کی جائے۔