اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور ازبکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور معلومات کے تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق وزیر داخلہ رحمن ملک اور ازبک سفیر پرویز علی کے ساتھ ملاقات میں ہوا۔ ملاقات میں فاٹا اور دیگر علاقوں میں ازبک باشندوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمن ملک نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا جائے گا۔ ازبک سفیر نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ازبکستان دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے پاکستان کی کاوشوں اور قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو مستقبل میں مزید مضبوط، مستحکم اور پائےدار بنایا جائے گا۔ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کرتا ہے۔