لاہور (رپورٹ: فرخ سعید خواجہ) پنجاب اسمبلی کے لاہور میں 25حلقے ہیں جن کے 43لاکھ 49ہزار 812ووٹرز اپنے 25نمائندے منتخب کریں گے۔ ان ووٹروں میں خواتین کی تعداد 18لاکھ 64ہزار 56 جبکہ مرد 24لاکھ 85ہزار 236 ہیں۔ آج ہم جن دو صوبائی حلقوں کو زیربحث لا رہے ہیں وہ پی پی 147اور پی پی 148ہیں۔ پی پی 147کے موجودہ رکن پنجاب اسمبلی بیگم کلثوم نواز کے بھانجے محسن لطیف ہیں جبکہ پی پی 148میں مسلم لیگ (ن) کے حافظ محمد نعمان رکن پنجاب اسمبلی ہیں۔ اس حلقہ سے ہاکی ٹیم کے سابق کپتان چودھری اختر رسول مسلسل پانچ مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ سپریم کورٹ پر حملہ کیس میں ممبران قومی اسمبلی میاں محمد منیر، طارق عزیز کے ہمراہ چودھری اختر رسول کو عدالت عظمیٰ نے نااہل قرار دے دیا۔ ان کے سیاسی مقابلوں سے باہر ہونے کے بعد 2002ءمیں پی پی 148میں اس حلقے کی ایک یونین کونسل کے ناظم اور پڑھے لکھے نوجوان میاں اسلم اقبال نے آزاد حیثیت میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو شکست دے کر کامیابی حاصل کی اور پھر مسلم لیگ ق میں شامل ہو گئے۔ وہ امور نوجوانان اور سپورٹس کے صوبائی وزیر رہے لیکن 2008ءکے الیکشن میں وہ 16ہزار ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں مسلم لیگ (ن) کے حافظ محمد نعمان کے ہاتھوں 40ہزار 975ووٹوں سے شکست ہوئی۔ آنے والے الیکشن میں بھی وہ اس حلقہ سے متوقع امیدوار ہیں تاہم ابھی انہوں نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ آزاد حیثیت میں میدان میں اتریں گے یا کسی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ صوبائی اسمبلی پی پی 148میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 1لاکھ 91ہزار 962ہے جن میں 86ہزار 674خواتین اور 1لاکھ 5ہزار 288مرد ووٹر ہیں۔ اس حلقہ انتخاب میں سب سے بڑی برادری کمبوہ برادری بتائی جاتی ہے جبکہ آرائیں برادری کی بہت بڑی تعداد اس حلقہ انتخاب میں آباد ہے۔ پی پی 148میں سمن آباد، ندیم شہید روڈ سے یونین پارک تک کی آبادیاں، چاہ جموں والا، اچھرہ، اسلامیہ پارک، نیا مزنگ، باغ گل بیگم، رسول پارک و ملحقہ علاقے شامل ہیں۔ جہاں تک صوبائی حلقہ پی پی 147کا تعلق ہے اس میں گڑھی شاہو، حبیب الٰلہ روڈ، ریلوے کالونیوں کا بہت بڑا حصہ بلکہ یوں کہنا چاہئے کہ گول چکر صدر سے گڑھی شاہو تک کی تمام ملحقہ آبادیاں شامل ہیں۔ الیکشن 2002ءسے پہلے اس حلقے کا بڑا حصہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 129پی پی میں شامل تھا جہاں سے 1985ءسے 1997ءتک صرف ایک مرتبہ 1988ءمیں پیپلزپارٹی کے ظفر اقبال نے کامیابی حاصل کی وگرنہ یہاں سے مسلم لیگی ہی جیتے تھے۔ 2002ءمیں پی پی 118سے مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ آنے والے الیکشن میں اس حلقہ انتخاب سے پاکستان تحریک انصاف کے عبدالعلیم خان ایک مرتبہ پھر امیدوار ہو سکتے ہیں۔ 2002ءمیں انہوں نے مسلم لیگ ق کی ٹکٹ پر الیکشن لڑکر محسن لطیف سے شکست کھائی۔