لاہور (احسن صدیق) پنجاب حکومت نے رواں مالی سال میں جولائی دسمبر تک 6 ماہ کے دوران اخراجات جاریہ کی مد میں 45 ارب 37 کروڑ 97 لاکھ 81 ہزار روپے کی بچت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے 6 ماہ کیلئے اخراجات جاریہ کی مد میں 3 کھرب 3 ارب 78 کروڑ 46 لاکھ 56 ہزار روپے کا تخمینہ تھا جس کے مقابلے میں پنجاب حکومت نے 2 کھرب 58 ارب 40 کروڑ 48 لاکھ 75 ہزار خرچ کئے۔ ذرائع نے بتایا کہ اخراجات جاریہ کے مجموعی اخراجات میں جنرل پبلک سروسز کے لئے ایک کھرب 75 ارب 66 کروڑ 37 لاکھ 17 ہزار روپے کے اخراجات جاریہ کا تخمینہ تھا لیکن اسکے مقابلے میں ایک کھرب 63 ارب 78 کروڑ 45 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ پبلک آرڈر اینڈ سیفٹی افیئرز کیلئے 46 ارب 85 کرڑو 94 لاکھ 29 ہزار روپے کے اخراجات جاریہ کا تخمینہ تھا لیکن اس کے مقابلے میں 39 ارب 15 کروڑ 29 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ اکنامک افیئرز کے لئے اخراجات جاریہ کی مد میں 37 ارب 82 کروڑ 64 لاکھ روپے کا تخمینہ تھا لیکن 24 ارب 8 کروڑ 34 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ ہائوسنگ اینڈ کمیونٹی ایمینٹس کیلئے اخراجات جاریہ کی مد میں 2 ارب 13 لاکھ 95 ہزار روپے کے اخراجات کا تخمینہ تھا اس مقابلے میں ایک ارب 71 کروڑ 40 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ صحت کیلئے 22 ارب 31 کروڑ 48 لاکھ روپے کا تخمینہ کے مقابلے میں 15 ارب 61 کروڑ 14 لاکھ روپے خرچ کئے گئے۔ تعلیم کیلئے 20.3 ارب روپے تخمینہ تھا لیکن 11.63 ارب روپے خرچ کئے گئے۔