شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) معلوم ہوا ہے کہ حکومت کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں انٹیلی جنس کے اداروں کی رپورٹوں کی بنیاد پر کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بنک آف پنجاب کی مرکزی انتظامیہ کو دھمکی دی ہے کہ وہ 5کروڑ روپے ادا کریں۔ ذرائع کے مطابق مراسلہ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا ہے اس بنک کی انتظامیہ اور برانچز کی سکیورٹی کے بارے میں سخت ترین انتظامات کئے جائیں۔ اس بارے میں کمشنر لاہور ڈویژن کی طرف سے سی سی پی او لاہور آر پی او شیخوپورہ ریجن کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک اور مراسلہ میں کہا گیا ہے۔ شدت پسندوں کی طرف سے امریکی قونصیلٹ اور امریکی باشندوں پر بھی حملے کئے جانے کا اندیشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق مراسلہ میں کہا گیا ہے موصولہ اطلاعات کے مطابق اگلے دنوں میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے شدت پسندوں کی طرف سے بڑے حملے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جس میں کم و بیش 200 شدت پسند حصہ لیں گے۔ مراسلہ میں گلبرگ تھری لاہور میں ایک دفتر میں کام کرنے والے چینی باشندوں کی حفاظت کے انتظامات پر زور دیا ہے۔
5 کروڑ دیں، طالبان کی پنجاب بنک کی انتظامیہ کو دھمکی، دہشت گرد حملے کا خطرہ
Feb 23, 2014