شنگھائی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے 2015ء تک پاکستان چین دوطرفہ تجارت کو موجودہ 12 ارب ڈالر سالانہ سے بڑھا کر 15 ارب ڈالر سالانہ کرنے کے ضمن میں کراچی اور شنگھائی کی تاجر و کاروباری برادری کے عملی اور فعال کردارکی ضرورت پر زور دیا ہے۔ صدر نے یہ بات ہفتہ کو یہاں چین کی کمیونسٹ پارٹی شنگھائی کے سیکرٹری ہانگ ژینگ سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات احسن اقبال، طارق فاطمی اور دونوں ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت کا چین کے کاسموپولیٹن شہر شنگھائی میں آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری نے یقین دلایا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کے فروغ کیلئے چین اپنا بھرپورتعاون فراہم کریگا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی قیادت کے کردار کی تعریف کی۔ صدر مملکت چین کے پہلے سرکاری دورہ کے بعد گذشتہ روز اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔ صدر کی پریس سیکرٹری صبامحسن رضا نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران بتایاکہ صدر نے چین کے پہلے سرکاری دورہ کے دوران چین کی اعلی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کیں اورموجودہ سدا بہار دوستانہ سٹرٹیجک دوطرفہ تعلقات کومزید مستحکم بنانے اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات سمیت پاکستان، چین اقتصادی راہداری کا جائزہ لیا جس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کیلئے سماجی واقتصادی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا بلکہ ہمارا خطہ بھی ترقی کے ان ثمرات سے مستفید ہوگا۔ چینی قیادت نے صدر مملکت اور انکے وفد کا انتہائی پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ صدر مملکت کا پہلا سرکاری دورہ پاک چین تعلقات کی گہرائی کا واضح مظہر ہے جس سے دونوں ممالک کی قیادت اورعوام کی ان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔ پریس سیکرٹری نے کہاکہ چینی صدر ژی جن پنگ کے ساتھ صدرمملکت کی ملاقات کے دو دور ہوئے۔ ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ دونوں رہنمائوں نے پاک چین دوطرفہ تعلقات اورباہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور کا جائزہ لیا۔
تاجر برادری پاک چین تجارت 15 ارب ڈالر سالانہ کرنے میں کردار ادا کریں: ممنون حسین
Feb 23, 2014