اسلام آباد (ثناء نیوز) پاکستان، افغانستان اور برطانیہ کی خواتین ارکان پارلیمنٹ کے کاکس نے خواتین کے آئینی سیاسی سماجی اور معاشی حقوق کے تحفظ اور انہیں قومی دھارے میں لانے کیلئے پندرہ نکات پر مبنی مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا ہے جس میں تینوں ممالک کی خواتین ارکان پارلیمنٹ نے قومی،علاقائی اوربین الاقوامی سطح پر تعاون مزید مضبوط کرنے سے اتفاق کیا ہے تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کی کوششوں کو مزید تیز کیا جا سکے۔ اعلامیہ میں قومی علاقائی اور عالمی سطح پر امن و سلامتی کے معاملات کے حوالے سے دیرینہ تنازعات کے حل کے عمل میں خواتین ارکان پارلیمنٹ کی شمولیت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں تین ملکوں کی ارکان پارلیمنٹ کے تین روزہ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں خواتین ارکان پارلیمنٹ نے اتفاق کیا کہ بڑھتے ہوئے جغرافیائی سیاسی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے انکا مشترکہ نصب العین ہے۔ تینوں ممالک کی پارلیمان میں خواتین کے تحفظ کیلئے موثر قانون سازی کا عہد کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے حکومتوں کی رہنمائی کی جائیگی۔ تینوں ممالک کی حکومتوں سے مشترکہ اعلامیہ پر فوری عملدرآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پاکستان، افغانستان برطانیہ کی خواتین ارکان پارلیمان کا عورتوں کے حقوق کے تحفظ کا عہد
Feb 23, 2014