لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد رات گئے تک گنتی کا عمل جاری تھا۔ آخری اطلاعات کے مطابق پیپلز لائرز فورم، پروفیشنل گروپ اور مسلم لیگ(ن) لائرز فورم کے مشترکہ امیدوار شفقت محمود چوہان کو اپنے مخالف اور عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار چودھری محمد نعیم پر برتری حاصل تھی۔ نائب صدر کی سیٹ پر عامر جلیل صدیقی اپنے مدمقابل امیدوار محمد عرفان شیخ کے مقابلے میں آگے تھے۔ سیکرٹری شپ کیلئے چار امیدواروں میں مقابلہ تھا۔ عاصمہ جہانگیر گروپ کے امیدوار محمد احمد چھچھر کو اپنے مخالف امیدواروں زاہد سکندر شیخ، میاں اصغر علی اور میاں عمر فاروق پر برتری حاصل تھی۔ اسی طرح فنانس سیکرٹری کے عہدے پر میاں اقبال کو دیگر امیدواروں سید اختر شیرازی اور خاتون وکیل نبیلہ منظور جعفری پر برتری حاصل تھی۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے الیکشن میں تقریباً 17300 میں سے6723 ووٹ کاسٹ کئے گئے، اس طرح ٹرن آئوٹ 39 فیصد رہا۔ الیکشن میں چئیرمین الیکشن بورڈ کے فرائض سردار مشکور احمد، وائس چیئر پرسن شبنم ناگی جبکہ ڈپٹی چیئرمین کیلئے گُل زمان بٹ نے فرائض سر انجام دیئے۔ قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ بار کے انتخابات میں تین جعلی ووٹرز پکڑے جانے کے معاملہ پر عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار چودھری محمد نعیم نے الیکشن بورڈ کو درخواست دیدی۔ درخواست میں کہا گیا ہے جعلی ووٹرز کیخلاف مقدمہ درج کرانے کے علاوہ ذمہ داروں کو نااہل قرار دیا جائے۔