قاہرہ(این این آئی)مصر کے معزول کیے گئے پہلے منتخب صدر محمد مرسی نے اپنے حامیوں پر زور دیا ہے کہ وہ پر امن انقلاب کے لیے اپنا دباو بڑھائیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز یہ بات انہوں نے جیل توڑنے کے الزام کے تحت ایک سو تیس دوسرے ملزمان کے ہمراہ مقدمے کی سماعت کے موقع پر کہی ۔انہوں نے کہاکہ اخوان المسلمون کے کارکن گھروں سے باہر نکلیں اورپرامن انقلاب کی تیاریاں کریں ،محمد مرسی جنہیں مصری عوام نے مصری تاریخ میں مصر کے پہلے صدر کے طور پر منتخب کیا تھا،ان دنوں جیل میں ہیں اور 2011 ء میں ایک جیل کے توڑنے کے الزام کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان پر جاسوسی اور سازش کرنے کا الزام بھی عاید کیا گیا ہے،مصر کے پہلے منتخب ہونے والے صدر پر ایک اور مقدمے میں یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے 2012ء میں ایوان صدر کے باہر مظاہرہ کرنے والے مظاہرین کو قتل پر اکسایا تھا۔ اس مقدمے میں مرسی پر جرم ثابت ہو جانے کی صورت میں انہیں عمر قید یا سزائے موت سنائی جا سکتی ہے۔