لاہور (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) پنجاب کے مختلف حصوں میں گیس کا شارٹ فال 1 ہزار کیوبک فٹ ہو گیا ہے جس کے باعث گیس کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو گیا۔ وزارت پٹرولیم کی طرف سے صنعتوں کو گیس کی مسلسل فراہمی نے گھریلو صارفین کی قلت کو بڑھا دیا ہے۔ سوئی نادرن حکام نے گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کرنے کے حوالے سے تاحال کوئی اقدام نہیں کیا جس سے گھریلو صارفین کی گیس لوڈشیڈنگ ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ علاوہ ازیں بجلی، گیس کی بندش جاری، کاروبار زندگی متاثر، نارنگ منڈی میں احتجاج کیا گیا۔ جڑانوالہ اوراسکے نواح میں بجلی کیساتھ گیس کی بلاتعطل لوڈشیڈنگ مسلسل جاری ہے جبکہ چک نمبر 127مدنی پارک، ہائوسنگ کالونی، محلہ اسلامپورہ، شاہ جماعت پارک، سیفیہ پارک ، انور آباد، رضا آباد سمیت دیگر محلوں میں سردی شروع ہونے سے لیکر اب تک صرف ایک گھنٹہ گیس فراہمی کی جاتی ہے۔ طلبہ و طالبات ناشتہ کئے بغیر سکول جانے پر مجبور ہیں۔ ڈونگہ بونگہ میں کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ، لوگوں کا کاروبار زندگی درہم برہم مزدور، محنت کش پریشان، نارنگ منڈی میں سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف پورا شہر اور تجارتی ادارے سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے شدید احتجاج کرتے کہا نارنگ منڈی میںجان بوجھ کر پورا پورا دن اور رات گئے تک لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ مظاہرین نے سوئی گیس حکام کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین نے کہا لوگ کھانا پکانے سے بھی محروم ہیںاور ہوٹلوں کاکھاناکھاکر شہری بیمار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سخت نوٹس لینے اور سوئی گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کامطالبہ کیاہے۔