لاہور (احسن صدیق) رواں مالی سال 2015-16ء کے پہلے 6 ماہ (جولائی سے دسمبر) کے دوران پنجاب کا بجٹ 42 ارب 99 کروڑ 30 لاکھ روپے سرپلس رہا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران پنجاب کی مجموعی آمدنی کا حجم 4 کھرب 96ارب 77 کروڑ روپے رہا جبکہ مجموعی اخراجات کا حجم 4 کھرب 53 ارب 77 کروڑ 70 لاکھ روپے رہا۔ پنجاب حکومت نے سرپلس 42 ارب 94 کروڑ 30 لاکھ روپے میں سے 36 ارب 4 کروڑ 10 لاکھ روپے قرضوں کی مد میں ادائیگی کی۔ یہ رقم پنجاب حکومت نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بنکنگ سیکٹر اور نان بنکنگ سیکٹر سے بطور قرض حاصل کئے تھے۔ پنجاب حکومت کی 4 کھرب 96 ارب روپے کی مجموعی آمدنی میں سے 4.16 کھرب روپے این ایف سی کے تحت قابل تقسیم محاصل کی مد میں حاصل ہوئے جبکہ 60 ارب 74 کروڑ روپے صوبائی محاصل کی مد میں اور 15 ارب 69 کروڑ 80 لاکھ روپے صوبائی غیر محاصل کی مد میں حاصل ہوئے۔ اس طرح مجموعی اخراجات میں سے 3 کھرب 12 ارب 37 کروڑ 90 لاکھ روپے اخراجات جاری اور ایک کھرب 41 ارب 39 کروڑ 80 لاکھ روپے کے ترقیاتی اخراجات شامل ہیں۔