قائمہ کمیٹی داخلہ اجلاس: اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس منظور نہ ہو سکا

Feb 23, 2016

اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات میں اسلام آباد لوکل گورنمنٹ (ترمیمی) آرڈیننس2015ایک بار پھر منظور نہ ہوسکا، کمیٹی چیئر مین لیگی ارکان کا انتظار کر تے رہے،لیگی ارکان کمیٹی کی عدم شرکت پر چیئرمین کمیٹی نے کورم پورا ہونے کے باوجود اپوزیشن اراکین کی آرڈیننس پر تیاری نہ ہونے کی وجہ کا بہانہ بنا کر کمیٹی کا اجلاس (آج) تک موخر کر دیا ،اپوزیشن جماعتوں نے ترمیمی آرڈیننس کی بھر پور مخالفت کا فیصلہ کر لیا، چیئرمین کمیٹی رانا شمیم احمد خان آرڈیننس کو کمیٹی سے متفقہ طور پر منظور کرانے کیلئے سرگرم ہو گئے۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا شمیم احمد خان پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا، اجلاس میں کمیٹی رکن یوسف تالپور ،شیر اکبر، نعیمہ کشور، سید افتخارالحسن، وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن، وزارت داخلہ کے حکام سمیت اسلام آباد ضلعی انتظامیہ حکام نے شرکت کی ۔چیئر مین کمیٹی کورم پورا ہونے کے باوجود لیگی اراکین کمیٹی کا انتظار کر تے رہے کیونکہ اس سے قبل کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے ا راکین نے بل کی بھرپور مخالفت کی تھی۔ذرائع کے مطابق چیئر مین کمیٹی اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کو متفقہ طور پر منظور کرانے کیلئے متحرک ہوگئے ہیں ،اور کمیٹی کے اجلاس سے قبل بھی چیئرمین کمیٹی پیپلز پارٹی کے رکن کمیٹی یوسف تالپور کو بھی آرڈیننس پر مطمئن کرنے میں مگن رہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے آرڈیننس کی بھر پور مخالفت کا فیصلہ کیا ہے، اور امکان ہے کہ آرڈیننس کو پاس کرنے کا فیصلہ ووٹنگ کے ذریعے کروایا جائے گا آن لائن کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2015ء ممکنہ طورپر مسترد ہونے کا خدشہ ہے، خاتون ممبر نعیمہ کشور خان نے کمیٹی اجلاس میں نادرا چیئرمین اور دیگر حکام کی عدم شرکت پر بھی برہمی کا اظہار کیا، چیئرمین کمیٹی رانا شمیم اختر نے آج ہونے والے اجلاس میں نادرا چیئرمین کی شرکت کے لیے وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹری کو پابند بھی کیا ہے۔ دریں اثناء اے پی پی کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات کا اجلاس اراکین کی جانب سے ایجنڈے کی تیاری نہ ہونے کے باعث ایک دن کیلئے موخر کر دیا گیا۔ اجلاس کے آغاز پر اراکین کمیٹی نے کہا کہ وہ ایجنڈے پر بحث کیلئے مکمل طور پر تیار نہیں ہیں ۔

مزیدخبریں