کرایوں میں اضافے کی انکوائری: مسابقتی کمشن نے نجی فضائی کمپنیوں کو کلین چٹ دیدی

Feb 23, 2016

اسلام آباد (عمران علی کنڈی / نیشن رپورٹ) مسابقتی کمشن آف پاکستان نے نجی ائر لائنز کی جانب سے کرائے بڑھائے جانے کے حوالے سے انکوائری میں نجی ائرلائنز کو کلین چٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی ائر لائنز نے حد سے زیادہ کرائے نہیں بڑھائے تھے۔ کرایوں میں اضافہ پی آئی اے کی ہڑتال کے باعث طلب میں اضافے کی بنیاد پر تھا۔ ڈیٹا کے تجزیہ کے بعد انکوائری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کرایوں میں اضافہ طلب بڑھنے کی بنا پر تھا اور ریونیو مینجمنٹ سسٹم کے آپریشن کے مطابق آخری اوقات کے کرائے زیادہ تھے۔ انکوائری کمیٹی کو صارفین کی جانب سے کرایوں میں 3 گنا اضافے کے شواہد بھی نہیں ملے۔ پی آئی اے کی پروازیں 1 سے 7 اکتوبر 2015 اور 2 سے 9 فروری 2016ء کو ملتوی رہی تھیں۔ میڈیا پر 300 فیصد کرایوں میں اضافے کی رپورٹس پر 5 رکنی انکوائری کمیٹی تحقیقات شروع کی تھیں۔ کمیٹی نے دو نجی کمپنیوں سے مسافروں سے وصول کئے جانے والے کرایوں کی تفصیل مانگی تھی۔ ایونیو مینجمنٹ سسٹم کے تحت مسافروں سے روٹ‘ بکنگ کے اوقات‘ سامان‘ ائر کرافٹ کے سائز‘ طلب اور رسد کی بنیاد پر مختلف کرائے لئے جا سکتے ہیں۔ انکوائری کمیٹی نے بڑے روٹس پر پی آئی اے کے فلائٹ آپریشن معطل رہنے اور عام حالات کے کرایوں کا جائزہ لیا۔

مزیدخبریں