ملتان، مخالفین کے ہاتھوں ٹانگ کاٹنے سے زخمی نوجوان تڑپ تڑپ کر مر گیا

Feb 23, 2016

ملتان ، بدھلہ (کرائم رپورٹر، نامہ نگار) تھانہ بدھلہ سنت کے علاقہ میں مخالف رشتہ داروں کے ہاتھوں ٹانگ کٹنے اور فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان عابد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کے ورثاء و اہل علاقہ نے لاش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ وزیراعلیٰ کے نوٹس لینے پر سی پی او نے ٹیمیں تشکیل دے کر ملزموں کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔ واضح رہے کہ ملتانی والا کے رہائشی عابد نے 6 ماہ قبل اپنے رشتہ داروں عرفان اور اشرف وغیرہ کے خلاف کتا چوری کرنے کا مقدمہ درج کروایا تھا تاہم بعد میں صلح ہو گئی مگر مذکورہ رشتہ داروں نے رنجش برقرار رکھی اور اتوار کے روز عرفان ، اشرف اور قسور نے عابد کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جس کے بعد اس کی ٹانگ کاٹ کر اپنے ساتھ لے گئے ، عابد کو تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ جاں بحق ہو گیا، مقتول کے ورثائ، اہل علاقہ نے نعش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ ملزم پارٹی کی سرپرستی شاہ محمود قریشی کر رہے ہیں جس کے باعث پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے۔ پولیس نے مقتول کی ٹانگ ملزموں کے گھر کے قریب برآمد کر لی اور 2 ملزموں اشرف عرف پنوں اور عرفان کو مظفرگڑھ میں چھاپہ مار کر گرفتار کر لیا۔

مزیدخبریں