اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میاں شریف کا حساب مانگا جارہا ہے جس کے تقوی، پرہیزگاری اور دیانت داری کا زمانہ گواہ ہے۔ جب نوازشریف کا خاندان سیاست میں نہیں تھا اس وقت کا حساب مانگا جارہا ہے۔ جو حساب دیا جاسکتا تھا وہ عدالت میں دے دیا گیا ہے، عمران خان کو بھی حساب دینا ہوگا۔ احتجاج کرنے والے صحافیوں کو اپنی عزت عزیز نہیں ہے، وزیراعظم اور ان کے خاندان کو بدنام کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزےراعظم نوازشریف کے خلاف ماضی میں مشرف اور سجاد علی شاہ کی صورت میں اور آج عمران کی شکل میں سازش کی جارہی ہے۔ صحافی جتنا مرضی احتجاج کریں ہم اپنی بات کرکے جائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) نے کوئی غنڈہ گردی نہیں کی ہے۔ چند شرپسند اور سازشی ہمارے مینڈیٹ کو چھیننا چاہتے ہیں۔ صحافیوں کو ایک پیش کش کی تھی وہ نہیں مانے اب ہم کچھ نہیں کریں گے۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور طلال چودھری نے کہا ہے کہ پانامہ کیس سپریم کورٹ میں اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے‘ تحریک انصاف عدالتی کارروائی کو توڑ مروڑ کر پیش کرتی ہے‘ ہمیں یقین ہے کہ فیصلہ قانون اور آئین کے مطابق ہو گا۔ پانامہ کیس کو سیاسی مقدمہ بنانا تحریک انصاف کا ایجنڈا رہا ہے‘ انوشہ رحمان والے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا‘ بعض اوقات غلط فہمی ہو جاتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی طلال چودھری نے کہا قوم کو پتہ ہے کہ کون احتساب کا نام لے کر اقتدار چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے پانامہ کیس پر خود کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ تحریک انصاف کا مقصد احتساب نہیں اقتدار ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے عمران خان کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگرعمران خان صاحب سچے ہیں تو جمائما کو دئیے جانے پیسوں کا منی ٹریل دیں۔ پی ٹی آئی والے نیب پر انگلی اٹھانے سے قبل اپنے گریبان میں جھانکیں۔
مسلم لیگ ن