لندن/ ملتان (نیٹ نیوز) معروف امریکی اداکارہ لنزے لوہان کو سکارف پہننے کی وجہ سے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد انہیں اندازہ ہوا کہ سکارف پہننے والی خواتین کے ساتھ کیسا برا سلوک کیا جاتا ہے۔ برطانوی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے لنزے لوہان نے بتایا کہ وہ امریکا واپسی کیلئے جیسے ہی ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچیں تو سیکیورٹی سٹاف نے نسلی امتیاز کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہیں باقی سب مسافروں سے الگ کر دیا اور ان سے سکارف اتارنے کا مطالبہ کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ زندگی میں کبھی انہیں اس قسم کے واقعہ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ حالیہ برتاؤ بھی صرف اس لئے کیا گیا کیونکہ میں نے مسلمان خواتین کی طرح سر پر سکارف پہن رکھا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی سٹاف نے پاسپورٹ دیکھ کر جب میری شناخت کی تو ان کا لہجہ معذرت خواہانہ ہو گیا تاہم اس کے باوجود انہوں نے مجھے سکارف اتارنے کا کہا۔ اس سے قبل ایک غیر ملکی ٹیلی وژن کو انٹرویو دیتے ہوئے لنزے نے بتایا تھا کہ قرآن پاک ہاتھ میں تھامے ان کی تصویر جب شائع ہوئی تو انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور امریکی شہریوں کو میرا یہ عمل بالکل پسند نہیں آیا۔