ملتان (نمائندہ نوائے وقت) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں روٹری انٹرنیشنل کلب ملتان کے تعاون سے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں آسٹریلین روٹری انٹرنیشنل کلب کی ممبر مس سوزین ریا نے خصوصی شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مس سوزین ریا نے کہا کہ پولیو کا دنیا سے خاتمہ بہت ضروری ہے اس لئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنی چاہئے اور زیادہ سے زیادہ فنڈز اکھٹے کرنا چاہئے تاکہ اس موزی مرض سے بچا جا سکے۔ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن روٹری انٹرنیشنل کلب کے ساتھ مل کر پوری دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہماری طرف سے دی جانے والی ایک ڈالر کی امداد کے ساتھ بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن دو ڈالر امداد ملاتی ہے تاکہ پولیو سے بچائو کی ویکسینیشن تیار کی جا سکے۔ یہ حقیقت ہے کہ ہم پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں لیکن مزید گنجائش باقی ہے کیونکہ 2017 میں پاکستان میں پولیو کا ایک کیس منظر عام پر آچکا ہے۔ وائس چانسلر جامعہ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن اور روٹری انٹرنیشنل کلب کی پولیو کو ختم کرنے کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ ایسے تمام کا م حقوق العباد میں شمار ہوتے ہیں۔ ورلڈ گریٹیسٹ میل کے نمائندے سلمان مبارک نے سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کے طلباء و طالبات سے مل کر روٹریکٹ کلب بنائیں گے تاکہ پولیو کے خاتمے کیلئے مل کر کام کیا جا سکے۔
دنیا سے پولیو کے خاتمہ کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی: مس سوزین ریا
Feb 23, 2017