وزیراعلیٰ شہباز شریف نے ڈیفنس کے علاقے میں دھماکے کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وزیر اعلی نے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دکھ اور افسوس، دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں او رمحکمہ صحت کے اعلیٰ حکام زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ وزیراعلیٰ نے دھماکے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جن سفاک درندوں نے معصوم انسانی زندگیاں چھینی ہیں، وہ قرار واقعی سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے سفاک درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ میری اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاںبحق ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ اس واقعہ کے ذمہ دار قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے عبرتناک انجام کو ضرور پہنچیں گے اورمعصوم زندگیوں سے کھیلنے والے پاک دھرتی پر بوجھ ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد اور پرعزم ہے۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے مضبوط ارادوں کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ دہشت گردوں کو معصوم پاکستانیوں کے بہائے گئے خون کے ہر قطرے کا حساب دینا ہو گا۔
ڈیفنس میں دھماکے کی شدید مذمت، تحقیقات کا حکم، آئی جی سے رپورٹ طلب، سفاک درندے دھرتی پر بوجھ، کسی رعایت کے مستحق نہیں: وزیراعلیٰ
Feb 23, 2017 | 21:17