اسلام آباد (اے پی پی) | پاکستان کی فی کس سالانہ آمدنی1629 ڈالر ہے۔ عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پاجامو تھوا لانگو نے کہا ہے کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور فی کس سالانہ آمدنی میں اضافہ کیلئے آئندہ 30 سال کے دوران پاکستان میں شرح پیدائش کو ایک فیصد یا اس سے کم رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی آبادی207.7 ملین افراد پر مشتمل ہے اور اگر شرح پیدائش کو کنٹرول نہ کیا گیا تو2047ء تک پاکستان کی آبادی400 ملین نفوس تک بڑھ جائے گی جس کے نتیجہ میں پاکستان کی فی کس سالانہ آمدنی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں لائی جاسکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پاکستان کی آبادی میں اضافہ کی شرح کو ایک فیصد یا اس سے کم کیا جائے تو آئندہ30 سال کے بعد پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی سمیت فی کس سالانہ آمدنی کو10 ہزارڈالر تک بڑھایا جاسکتا ہے جس کیلئے آباد میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اقتصادی شرح نمو کو8فیصد سالانہ تک بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 12 ہزار ڈالر فی کس سالانہ آمدنی والے ملک کو بہترین آمدنی والا ملک قراردیا جاسکتا ہے اورآبادی میں اضافہ پر کنٹرول اور اقتصادی شرح نمو میں8فیصد کے اضافہ سے آئندہ 30 سال کے دوران پاکستان کا شمار بھی بہترین آمدنی والے ممالک میں ہوگا۔