پاک سرزمین سے تعلق رکھنے والے ارکان نے دوسال بعد سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرکے سب کو حیران کردیا ، دلاور خان نے کہا کہ دو سال سے ہمارے استعفی قبول نہیں کئے گئے،طے کرکے آئے ہیں کہ را کے ایجنٹ کو نیست ونابود کریں گے،بلدیاتی نمائندوں کو لڑائی اور لندن پیسے بھیجنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے، اب ہم انہیں موقع نہیں دینگے۔تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ہوا ، اجلاس میں متحدہ قومی موومنٹ سے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے آٹھ ارکان اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے سب کو حیران کیا، کچھ لوگ بھارت جاکرپاکستان مخالف نعرے لگاتے ہیں۔پی ایس پی رکن صوبائی اسمبلی محمد دلاور نے اسمبلی اجلاس میں شرکت سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے طے کیا ہے کہ اب باقاعدہ اجلاس میں شرکت کریں گے اور را کے ایجنٹ کے عزائم کو نیست ونابود کریں گے۔محمد دلاور نے متحدہ پاکستان کے ارکان اسمبلی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کو لڑائی اور لندن پیسے بھیجنے کے علاوہ کوئی کام نہیں ہے ،انہیں صرف پیٹرول چوری کرنے کا کام ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے۔پی ایس پی رکن اسمبلی نے کہا کہ کچھ لوگ بھارت جاکرپاکستان مخالف نعرے لگاتے ہیں اور یہاں آکرسیاست کرتے ہیں، اب ہم انہیں موقع نہیں دینگے،ہم پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائیں گے۔رکن صوبائی اسمبلی نے کہا ہمیں خوف تھا کہ اگر الیکشن ہونگے تو ہار جائیں گے، انہوں نے چال چلی تو جوابی چال ہماری بھی دیکھ لیں، ہم اسمبلی سے کوئی مراعات نہیں لینگے، یہاں سے ملنے والی تنخواہ اپنے شہدا کی غریب فیملی کو دے رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب پر محمد دلاور نے کہا کہ دو سال سے ہمارے استعفی قبول نہیں کئے گئے،اسپیکر کو اختیار ہے اگر کوئی چالیس دن غیر حاضر رہتا تو اسے ڈی سیٹ کردے، ہمیں یہ فیصلہ قبول ہوگا۔