افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ تاپی پائپ لائن منصوبے میں تمام لوگوں کا اکھٹا ہونا آنے والی نسلوں کے لیے پیغام ہے، ہمیں امید ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں اس پائن لائن منصوبے کو ہمارے خطے میں ایک مشترکہ پوزیشن کی بنیاد کے طور پر دیکھیں گی اور اس سے ہماری معیشت کو ترقی، روزگار کے مواقع، ہماری سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔ افغانستان میں پائپ لائن منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی کا کہنا تھا کہ اس منصوبے میں تمام لوگوں کا اکھٹا ہونا آنے والی نسلوں کے لیے پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہماری آنے والی نسلیں اس پائن لائن منصوبے کو ہمارے خطے میں ایک مشترکہ پوزیشن کی بنیاد کے طور پر دیکھیں گی اور اس سے ہماری معیشت کو ترقی، روزگار کے مواقع، ہماری سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں مدد ملے گی۔اس حوالے سے ہرات کے گورنر کے ترجمان جیلانی فرحاد کا کہنا تھا کہ جنگ زدہ افغانستان میں اس پائپ لائن منصوبے کی تعمیر کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن افغانستان کے لیے ایک سنہرا دن ہے اور یہ منصوبہ ہمارے ملک کی معیشت کے لیے مدد گار ثابت ہوگا اور اس سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد ن نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو ٹیلی فونک انٹرویو میں بتایا کہ ہم اس پائپ لائن کی حفاظت کی ضمانت لینے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم تاپی کی حفاظت کے لیے تیار ہیں اور یہ منصوبہ افغانستان کی معیشت کے لیے اہم ہے اور طالبان کی حکمرانی کے دوران یہ منصوبہ قابل غور تھا۔