اپنے ٹوئٹ میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ایک بار پھر سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے لکھا کہ خیبرپختونخوا کا ناکام حکمران اقتدار کی بھوک سے مرا جارہا ہے، گھر میں چھُپ کر بیٹھنے کی بجائے عمران خان میدان میں کیوں نہیں آتے، موجودہ عدم استحکام کی بڑی ذمہ دار پی ٹی آئی ہے کہ لوٹوں، ٹھگوں اور چوروں کے جھرمٹ میں کھڑے ہو کر وعظ کرنا عمران خان کا کمال فن ہے، حصول اقتدار کیلئے عمران خان شیطان سے بھی اتحاد کرسکتا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے سینیٹ الیکشن پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ سے محروم کرنے کا فیصلہ غیرمنصفانہ اور قانون کے منافی ہے۔ راجا ظفرالحق مسلم لیگ ن کے منتخب چیئرمین ہیں اور انہیں پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کا اختیار ہے، اگر کوئی ووٹ کم ہوا تو ذمہ داری غیرمنصفانہ فیصلہ کرنے والوں پر ہو گی۔ بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول اپنے اپنے بابا سے پوچھ کر راؤ انوار کا پتہ بتائیں، عاصمہ جہانگیر کی تعزیت پر بلاول کی میڈیا گفتگو مرحومہ کے نظریات سے متصادم تھی۔ مسلم لیگ ن کے خلاف بیانات دینے سے آپ کے ووٹ بڑھیں گے نہیں اور ہمارے ٹوٹیں گے نہیں، آئے روز ووٹر آپکی ضمانت ضبط کرواتےھیں مگر آپ کرتوتوں سے باز نہیں آتے۔