پاک فوج بھارتی مہم جوئی کا بھرپور اور موثر جواب دے گی: وزیراعظم آزاد کشمیر

برسلز (آئی این پی)آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے پاکستان اور سبز ہلالی پرچم سے محبت کشمیریوں کے جسموں میں خون بن کر دوڑتی ہے۔پاکستان اور کشمیر یک قالب دو جان ہیں۔ہمارے بزرگوں نے الحاق پاکستان کی جو بنیاد رکھی تھی ہم اسکے وارث ہیں اللہ نے چاہا تو شہداءکشمیر کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور سرینگر میں سبز ہلالی پرچم پوری آب و تاب کے ساتھ لہرائے گا۔پاک فوج خطے میں بھارت کی بالادستی کو خاک میں ملانے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔اللہ کا شکرہے ہم ایٹمی طاقت ہیں ورنہ ہندوستان ہمارا وجود کہاں برداشت کرتا ہے۔ہمارے نظریات حضرت قائداعظم محمد علی جناح ،حضرت علامہ محمد اقبال کے فرمودات و ارشادات سے جنم لیتے ہیں اس لئے ہمیں کوئی ڈر اور ذرا برابر خوف نہیں اگر بھارت کسی قسم کی مہم جوئی کی کوشش کرے گا تو پھر ہندوستان یاد رکھے جواب اسکو بھرپور اور موثر ملے گا۔بہادر کشمیری اپنی پاک فوج کے ساتھ اگلے مورچوں پر ہونگے۔اللہ کے فضل سے میں بھی بندوق چلانی اچھی طرح جانتاہوں اور ڈر نام کی کوئی چیز میرے اندر ہے ہی نہیں خود میدان میں موجود ہونگے قوم بالکل تسلی رکھے اور بھارتی گیدر بھبکیوں کو خاطر میں نہ لائے۔وزیراعظم آزادکشمیر نے ان خیالات کا اظہار بیلجیم میں پاکستانی سفیر محترمہ نغمانہ ہاشمی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئیے جانے والے عشائیے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوے کیا۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہمارے خمیر میں حضرت علامہ محمد اقبال کی شاعری ہے،حضرت قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات ہیں ہمیں کون شکست دے سکتا ہے۔انہوں نے کہا اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلیے بنا ہے کوئی سازش کوئی حربہ مملکت خداداد پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا ہمیں جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی ہم اس سے دوگنی قوت سے ابھر کر سامنے آئیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر

ای پیپر دی نیشن