لاہور(نمائندہ سپورٹس )کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹر فواد احمد نے کامران اکمل کو پی ایس ایل کا بہترین کھلاڑی قرار دیدیا۔انہوںنے کہا کہ پشاور زلمی نے ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کردیا۔ کامران اکمل بہت اچھا کھیلے۔ یہاں کی کنڈیشنز سے پاکستانی پلیئرز کو کافی فائدہ ہوگا۔ مجھے نہیں لگتا کہ میں نے کوئی برا گیند کیا، لیکن کامران نے کمال کھیلا۔ ایسا لگ رہا تھا کہ میچ 13 اوور میں ہی ختم ہوجائیگا۔ میرا نہیں خیال کہ سٹیڈیم میں لوگ کم تھے، ہم دن کے وقت کھیل رہے تھے اس وقت میں اکثر لوگ اپنے کاموں میں مصروف ہوتے ہیں۔اگر یہی میچ 7 بجے ہوگا تو اور بھی زیادہ لوگ سٹیڈیم آئیں گے۔فواد نے تجویز دی کہ ایک دن میں دو میچز صرف چھٹی والے دن ہی ہوں تو اچھے ہیں، ورکنگ ڈے میں صرف شام کے میچز رکھے جائیں۔ کوئی فرق نہیں پڑتا کہ اگر ٹورنامنٹ کے تین چار روز بڑھ جاتے۔ چھ ٹیموں کا ٹورنامنٹ کافی اچھا ہے۔ دوسرے کھلاڑی کو عمر اکمل سے تبدیل کرنا آسان نہیں وہ بہترین کھلاڑی ہے۔ کرکٹ کو کرپشن سے پاک رکھنا اچھی بات ہے، نئے کھلاڑیوں کو ایسی چیزوں سے بچنے کی آگاہی دینا اور ان کی ذہنی تربیت ضروری ہے۔