اسلام آباد (خبر نگار) وفاقی حکومت کا کیبنٹ بلاک کے گریڈ ایک تا 16 تک کے ملازمین کے سمارٹ فون استعمال پر پابندی عائد کردی گئی۔ ان احکامات کے اجراء پر تنخواہوں میں اضافے کیلئے سراپا احتجاج سرکاری ملازمین مزید مشتعل ہو گئے ۔ آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل نے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری اس سیکیورٹی سرکلر کو مسترد کرتے ہوئے انتہائی معنی خیز قرار دے دیا۔ ملازمین کے اعلامیہ کے مطابق یہ پابندی صرف گریڈ ایک سے 16 کے کیبنٹ بلاک ملازمین پر لگائی گئی ہے۔ یعنی گریڈ 16 تک کے ملازمین مشتبہ اور 16 سے اوپر کے با اعتماد ہیں۔ عدم اعتماد کا اظہار بِلا جواز ہے۔ آل پاکستان سیکرٹریٹ ایمپلائز کوآرڈینیشن کونسل کے صدر چوہدری حسین طاہر نے کہا کہ ناانصافی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ پابندی لازم ہے تو گریڈ 22 تک یکساں لگائی جائے۔ صرف چھوٹے ملازمین پر پابندی ریاست مدینہ کے خلاف ہے۔