(ن) لیگ‘ پی پی کوسیاست کرنے کیلئے اپنے گلے سے کرپشن کا طوق اتارنا ہوگا: ہمایوں اختر

Feb 23, 2020

اسلام آباد( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھ رہا ہے اورکرپشن کے ذریعے تقویت حاصل کرنے والوں کی سیاست کو کفن پہنا دیا گیا ہے ،تحریک انصاف ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ اپوزیشن سیاست اور مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو تاہم انہیں اب سیاست کرنے کیلئے اپنے گلے سے کرپشن کا طوق اتارنا ہوگا ،’’احساس پروگرام ‘‘ انقلابی منصوبہ ہے جس سے محروم طبقات کو قومی دھارے میں شامل کیا جارہا ہے ۔ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مرکزی دفتر میں وسطی پنجاب او رحلقہ این اے 131سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنمائوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال ،پارٹی امور اور حلقے کے مسائل کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت بے پناہ مشکلات کے باوجود پہلے مرحلے میں پناہ گاہوں کے قیام سمیت دیگر ان گنت فلاحی منصوبے شروع کئے ہیںاور جیسے جیسے معیشت کی مضبوطی سے وسائل میسر آئیں گے اس سے مزید دو قدم آگے بڑھ کر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اپوزیشن کے پیٹ میں یہ مروڑ اٹھ رہے ہیں کہ جس عوام کو ہم نے ضروریات زندگی کو ترسنے کی نہج تک پہنچایا موجودہ حکومت کیوں ان کا آسرا بن رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کے ذریعے پاکستانی معیشت دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر سکتی ہے اور حکومت ماضی میں نظر انداز کئے گئے شعبوں پر توجہ مرکوز کر رہی ہے جس کے آنے والے سالوں میں ثمرات سامنے آئیں گے ۔

مزیدخبریں