میانوالی: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارا مستقبل تباہ کر دے گی، جو جنگل انگریز لگا کر گیا وہ ہم تباہ کر چکے۔ عوام کو جنگلات کی اہمیت کا علم نہیں، چاہتا ہوں اسکولوں میں شجرکاری کی اہمیت سے متعلق پڑھایا جائے۔
میانوالی میں شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جنگلات تباہ کرنےوالوں کو جیلوں میں ڈال دیا جائے، آئی جی پنجاب کو کہا ہے کہ بڑے ڈاکووں کو پکڑیں، ہماری حکومت پہلی مرتبہ بڑے کرپٹ افراد کو پکڑ رہی ہے۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا ہمارا مشن ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ 50 لاکھ افراد کو صحت کارڈ دیئے۔اس کے بعد کفالت کارڈ جاری کریں گے جس سے غریب لوگوں کو پیسے ملیں گے۔ طلبا کو سکالر شپ دیں گے۔ 80 ہزار افراد کو بلا سود قرضے دیئے جائیں گے، جوعلاقے پیچھے رہ گئے ہیں انہیں اوپر اٹھائیں گے۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کا افتتاح کیا، اس موقع پر عمران خان کو شجرکاری مہم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب اورصوبائی وزرا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کے آج کے دورے میں نمل یونیورسٹی جانا بھی شیڈول ہے جس کے دوران سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔