پی ایس ایل : لاہور قلندر دوسرا میچ بھی ہار گئی، اسلام آباد یونائٹیڈ نے ایک وکٹ سے میچ جیت لیا

لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے بھی لاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرا دیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔ جس میں محمد حفیظ کے 98 نمایاں رنز بھی شامل تھے جواب میں اسلام آباد یونائٹیڈ نے ایک گیند پر ٹارگٹ پورا کر کے میچ میں کامیابی حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم اسلام آباد یونائٹیڈ نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ لاہور قلندرز کو پہلا نقصان 22 کے سکور پر ہوا جب کرس لین 11 رنز بنا کر محمد موسٰی کی گیند پر عماد بٹ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ فخر زمان اور محمد حفیظ کے درمیان دوسری وکٹ کی شراکت میں 67 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ لاہور قلندرز کا سکور 89 پر پہنچا تو اس موقع پر فخر زمان 26 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار ہو گئے۔ لاہور ٹیم کے کپتان سہیل اختر صرف ایک رن بنا کر صفی عبداﷲ کی گیند پر انگرام کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ لاہور قلندرز کا سکور 100 پر پہنچا تو اس موقع پر اسے چوتھا نقصان ڈیوڈ ولاس کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ انہوں نے صرف تین رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر رونکی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اس موقع پر پاکستان ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے 34 گیندوں پر اپنی نصف سنچری سکور مکمل کی۔ محمد حفیظ اور سمیت پٹیل کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 51 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 151 کے سکور پر ہوا جب سمیت پٹیل 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ 175 کے سکور پر لاہور قلندرز کی چھٹی وکٹ ڈیوڈ ویزے کی گری جو فہیم اشرف کا شکار ہو گئے۔ ڈیوڈ ویزے نے 19 رنز بنائے۔ مقررہ اوورز کے خاتمے پر لاہور قلندرز کا سکور 6 وکٹوں پر 182 رنز رہا۔ محمد حفیظ 98 اور فیضان خان بغیر کسی سکور کے ناٹ آوٹ رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے باولنگ میں شاداب خان نے دو، فہیم اشرف نے دو جبکہ صفی عبداﷲ، موسٰی خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

183 رنز کے ہدف کے اسلام آباد یونائٹیڈ کی پہلی وکٹ تین کے سکور پر گری۔ جو صرف ایک رن بنانے کے بعد شاہین آفریدی کی گیند پر ڈیوڈ ویزے کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اسلام آباد کو دوسرا نقصان بھی جلد اٹھانا پڑا جب کولن منرو بھی محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ لیونک رونکی اور کولن منرو نے ایک روز قبل ملتان سلطان کے خلاف اسلام آباد ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ لاہور قلندرز کے خلاف دونوں کھلاڑی ناکام رہے۔ ڈیوڈ میلان اور شاداب خان کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 57 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ 62 کے سکور پر اس وقت ہوا جب لاہور قلندرز کے ڈیوڈ ویزے کی گیند پر ڈیوڈ میلان 22 رنز بنا کر سہیل اختر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ انکی جگہ انگرام کپتان شاداب خان کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان نے 28 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 91 کے ٹوٹل پر اسلام آباد کو چوتھا نقصان شاداب خان کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ شاداب خان نے 29 گیندوں کا سامنا کیا جس میں انہوں نے 52 رنز سکور کیے اور حارث روف کی گیند پر سمیت پٹیل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ 114 کے سکور پر جارحانہ انداز اپنانے والے انگرام بھی سمیت پٹیل کا شکار ہو گئے۔ انگرام نے 14 گیندوں پر 30 رنز سکور کیے۔ 135 کے ٹوٹل پر اسلام آباد کو چٹھا نقصان آصف علی کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ آصف نے 18 رنز بنائے اور شاہین شاہ کے شکار ہوئے۔ اسی اوورز میں شاہین شاہ نے اسلام آباد کے حسین طلعت کو 5 کے انفرادی سکور پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ اسلام آباد کی آٹھویں وکٹ فہیم اشرف کی گری جو 11 رنز بنا کر حارث روف کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہوئے۔ 163 کے سکور پر نویں وکٹ عماد بٹ کی گری جو 8 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ شاہین آفریدی کی میچ میں چوتھی وکٹ تھی۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے 19.5 اوورز میں 9 وکٹوں پر 183 رنز بنا کر میچ ایک وکٹ سے جیت لیا۔ موسٰی خان 17 اور صفی عبداﷲ 8 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جان بسے شاہین شاہ آفریدی نے چار، حارث روف نے دو جبکہ محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے اور سمیت پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ای پیپر دی نیشن