لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ دھاندلی اور غنڈہ گردی اور بدمعاشی کی سیاست کاخاتمہ ہوچکا ہے، عوام پی ڈی ایم کا کرپٹ چہرے پہچان چکے ہیں۔ اب ان کے کسی فریب میں نہیں آئیں گے، مریم صفدر اور ان کے حواریوں کا جھوٹ بولنا عادت بن چکا ہے، ن لیگ آمریت کی پیداوار ہے، جس جگہ سے وہ جیتے سب قبول او ر جہاں سے ہارے وہا ں دھاندلی کا ڈھول پیٹنا شروع کردیتے ہیں، دھاندلی کا راگ الاپنے والوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست ہوگی، تحریک انصاف کے ضمنی الیکشن میں ووٹ بنک میں اضافہ ہوا ہے، وہ پارٹی آفس میں رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، انہوں نے کہا ہے کہ مریم صفدر کی منفی اور انتشار کی سیاست نون لیگ اور اپوزیشن جماعتوں کی تباہی کا سبب بن چکی ہے، عوام کرپٹ اپوزیشن کے ساتھ نہیں بلکہ تحریک انصاف اور وزیراعظم عمران خان کے ویثرن کے ساتھ کھڑے ہیں، سنٹرل پنجاب تحریک انصاف کا قلعہ ہے، انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے ضمنی انتخابات کو جنگ قرار دیا تھا اور پھر پوری قوم نے دیکھا نون لیگ کے غنڈوں نے این اے 75 کے پرامن الیکشن کو میدان جنگ میں تبدیل کیا ۔